اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ اسلامی جمہوریہ ایران کے سابقہ صدر مملکت اور مجلس خبرگان کے بااثر رکن آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے تمام لواحقین اور متعلقین سے تعزیت کی ۔ تنظیم کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سابقہ صدر ایران جناب ہاشمی رفسنجانی کی اچانک وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی انقلابی، سیاسی اور دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آغا صاحب نے کہا کہ مرحوم ہاشمی رفسنجانی کا شمار ایران کی ان بااثر دینی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے امام خمینیؒ کی 17 سالہ انقلابی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مرحوم ایرانی قوم کی بے انتہا تائید و حمایت سے دو بار صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوئے۔ آپ نے از حد تدبیر و تدبر اور بے پایاں قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر حضرت امام خمینیؒ کی سرپرستی میں ایک ایسے نازُک دور میں ایران کی باگ ڈور سنبھالی جب دنیا کی تمام استکباری قوتیں بالخصوص دنیائے مغرب انقلاب اسلامی ایران کو ثبو تاژ کرنے کیلئے اور ایرانی قوم کو جھکانے کیلئے کمر بستہ ہو چکے تھے اور سازشوں پر سازشیں رچانے میں مصروف تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی تیز رفتار تعمیر و ترقی بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں موجودہ کامیابیوں میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کا ایک نمایاں کردار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲